ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیجاپور میں گوشت کی دکانیں ہٹانے مرکزی وزیر کا متنازعہ بیان،ترقیات کا جائزہ لینے کی میٹنگ میں جگا جنگی بلدیہ کمشنر پر برس پڑے

بیجاپور میں گوشت کی دکانیں ہٹانے مرکزی وزیر کا متنازعہ بیان،ترقیات کا جائزہ لینے کی میٹنگ میں جگا جنگی بلدیہ کمشنر پر برس پڑے

Mon, 22 Aug 2016 21:04:10    S.O. News Service

و جئے پور۔22؍اگست(ایس اونیوز) وجئے پور پارلیمانی حلقہ کے دلت بی جے پی رکن اور نئے مرکزی وزیر برائے آبرسانی ودیہی صفائی رمیش جگا جنگی نے اقتدار ملتے ہی اپنے تیور دکھانے شروع کردئے ہیں۔ آج انہوں نے بیجاپور کے راستوں کے چوراہوں اور جابجا کھلی گوشت کی دکانوں پر اعتراض کرتے ہوئے بلدیہ کمشنر کو ہدایت دی کہ ان دکانوں پر فوراً پابندی عائد کی جائے۔ جہاں ضرورت ہو وہاں منظم اور پاک وصاف طریقے سے دکانیں چلانے کی اجازت دی جائے۔ مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کا جائزہ لینے کیلئے ضلع پنچایت کانفرنس ہال میں ایک میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے میٹنگ کے ایجنڈا سے ہٹ کر کارپوریشن کمشنر سے سوال کیا کہ ان مٹن اور چکن کی دکانوں پر کھلے عام سڑکوں پر جانوروں کا ذبیحہ کرنا کیا کارپوریشن کو اچھا دکھتا ہے، ان دکانوں کو کس نے لائسنس جاری کیا۔اگر لائسنس جاری نہیں کیاگیا تو دکانیں کیوں ہیں اور انہیں ہٹایا کیوں نہیں کیاگیا۔وزیر موصوف نے کمشنر کو متنبہ کیا کہ آئندہ اگر بیجاپور میں اس طرح کی دکانیں دکھائی دیں تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کارپوریشن انتظامیہ کھلے عام اس طرح گوشت کی تجارت کرنے والی دکانوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتا۔ کمشنر سے کہاکہ وہ تنخواہوں کیلئے نوکری کریں رشوت کیلئے نہیں۔ انہوں نے کمشنر کو سخت ہدایت دی کہ صحت کے اعتبار سے مٹن اور چکن کی دکانوں کو صاف ستھرے محلوں میں رکھنے کی اجازت دیں اور جانوروں کا ذبیحہ کھلے عام کرنے کی بجائے پوشیدہ طور پر کرنے کا حکم ہے۔ ان کی تجارت سے کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے یہ یقینی بنایا جائے۔ پاکی صفائی کی سخت شرائط کی بنیاد پر ایسی دکانوں کو اجازت دی جائے۔وزیر موصوف کی جانب سے سخت لتاڑ کو سن کر کمشنر نے جواب دیا کہ بہت جلد شہر کے مذبحہ خانے اور دکانوں کیلئے علیحدہ زمین کی منظوری متوقع ہے، اس پر وزیر موصوف نے دوبارہ کمشنر کو لتاڑتے ہوئے کہاکہ الو کسے بنارہے ہیں ، وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کارپوریشن کا عملہ اور گوشت کے دکانداروں کی ملی بھگت سے یہ سارا نظام چل رہا ہے۔انہوں نے کمشنر کو وارننگ دی کہ اگر ہر جگہ پر ایسی دکانیں موجود رہیں تو آئندہ اچھا نہیں ہوگا ان دکانوں کیلئے متبادل انتظامات کئے جائیں۔ اگر انتظامات نہ کئے گئے تو انجام برا ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ بیجاپور کے کثیر مسلم آبادی والے علاقوں میں 500 سے زائد گوشت کی دکانیں ہیں جن میں سے 100دکانوں میں بیف فروخت کیا جاتاہے۔ کہاجارہاہے کہ وزیر موصوف نے دراصل ان دکانوں کونشانہ بنانے کی نظر سے اس طرح کا بیان دیاہے۔اس سے پہلے بھی کارپوریشن کے حکام نے ان دکانداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پاکی صفائی کا اہتمام کریں۔ 


Share: